مکوآنہ: زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 61 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر 2023 تک کی مدت میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 32 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 61 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 20 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔نومبر 2023 زرعی مشینری و آلات کی درآمدات کا حجم 9 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو نومبر 2022 کے مقابلے میں 329 فیصد زیادہ ہے۔ نومبر 2022 میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 2 ملین ڈالر کا زر مبادلہ صرف ہوا تھا۔ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 9 فیصد کی کمی ہوئی۔
واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات میں مجموعی طور پر 6 فیصد کی شرح سے نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات پر 2.936 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.760 ارب ڈالر تھا۔