مکوآنہ: وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے بزنس اینکوبیشن سنٹر کی طرف سے یونیورسٹی کے اندر کاروباری ماحولیاتی نظام کو پروان چڑھانے اور اسے بااختیار بنانے کیلئے یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے فوکل پرسنز کی نامزدگی کے اقدام کو سراہا۔ یونیورسٹی میں فوکل پرسنز کے لیے ایک انتہائی کامیاب تربیتی سیشن کا اہتمام کیاگیا۔ اس تقریب کا مقصد کاروباری رہنماؤں کو ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنا تھا تاکہ کیمپس کے طلباء اور فیکلٹی میں جدت طرازی، ترقی اور کاروباری ثقافت کو فروغ دیا جا سکے۔
تربیتی سیشن میں مختلف شعبوں سے فوکل پرسنز کو کاروبار اور جدت طرازی کے متعلق ٹریننگ فراہم کی گئی۔ شرکاء نے جی سی یونیورسٹی کے بزنس اینکوبیشن سنٹر کے مشن، وژن اور اہداف کے بارے میں آگاہی حاصل کی جس سے انٹرپرینیورشپ اور اختراع کو فروغ دینے میں اس کے اہم کردار کو سمجھایا گیا۔اس طرح کے سیشنز کا مقصد یونیورسٹی کے اندر ایک مضبوط انٹرپرینیورشپ ایکو سسٹم بنانا جس میں نئے بزنس آئیڈیاز، پروٹو ٹائپنگ، اور کمرشلائزیشن جیسے اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا جانا تھا۔
اس موقع پر مینیجر اینکوبیشن سنٹر ڈاکٹر محسن بشیر نے کہا کہ اورینٹیشن اور ٹریننگ سیشن نے فوکل پرسنز کے ایک مضبوط نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے ایک بنیاد کا کام کیا جو یونیورسٹی کمیونٹی میں جدت اور انٹرپرینیورشپ کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔