کراچی: سندھ کے نگران وزیرِ ریونیو، انڈسٹریز و کامرس محمد یونس ڈاگھا سے آج ان کے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں چینی کمپنی جنرٹیک کے ایک 10 رکنی وفد نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیکریٹری انڈسٹریز و کامرس عبدالرشید سولنگی اور جنرٹیک کے پاکستان میں پارٹنر تابانی گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر(ی ای او) حمزہ تابانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ مسٹر جن نے اپنی کمپنی جنرٹیک کے بارے میں بریف کرتے ہوئے بتایا کہ جنرٹیک چینی حکومت کی کمپنی ہے اور چین کے 30 سے زائد صوبوں میں فعال ہے۔اور جنرٹیک آٹو بزنس، ایڈوانس مینوفیکچرنگ، میڈیکل، تیکنیکی شعبوں میں بہترین تیکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ کام کررہی ہے۔
کمپنی انڈونیشیا، بنگلہ دیش کے علاوہ سی پیک کے رکن ممالک میں مختلف خدمات فراہم کررہی ہے۔
اجلاس میں تابانی گروپ کے حمزہ تابانی نے جنرٹیک کے پاکستان میں جاری منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
نگران وزیر محمد یونس ڈاگھا نے وفد کے بتایا کہ سی پیک کے تحت پاکستان نے تھر کول پاور پراجیکٹ میں 2640 میگاواٹ سے زیادہ بجلی کی پیداوار کے منصوبے کو کامیابی سے مکمل کیا ہے .سندھ حکومت تھر کول سے پیٹرولیم ، گیس اور دیگر مصنوعات بنانے اور الیکٹرک گاڑیوں کا کارخانہ لگانے میں آپکے تعاون اور سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہے گی۔
اس موقع پر چینی وفد نے نگران وزیر کی تجاویز پر پیشرفت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔