حب، 21 اکتوبر 2024: بلوچستان کو کراچی سے ملانے والے حب ندی کے پل کی تعمیر 2 سال اور 3 ماہ بعد مکمل ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، پل کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، اور اکتوبر کے آخری ہفتے میں اس پل سے ٹریفک کا آغاز متوقع ہے۔
یہ پل 25 جولائی 2022 کو آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا، جس کے بعد کراچی سے حب آنے اور جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو متبادل راستے کا استعمال کرنا پڑا، جس میں شدید ٹریفک جام اور متبادل راستہ بہہ جانے کے باعث عوام کو 22 کلومیٹر طویل راستہ طے کر کے بائی پاس سے گزرنا پڑتا تھا۔
اس صورتحال نے طالب علموں، مریضوں، اور کاروباری افراد کے لیے مشکلات میں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں وقت کی ضیاع اور سہولیات کی عدم دستیابی نے لوگوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کیا۔
حب ندی کے پل کی بحالی کے بعد، امید کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ عوامی زندگی میں آسانی پیدا کرے گا اور کراچی سے بلوچستان کا سفر مزید سہل بنائے گا۔