اسلام آباد، 23 اکتوبر 2024: چین اور پاکستان کے درمیان بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر نے اعلان کیا کہ چینی شہروں میں ہونے والے روڈ شو میں پاکستانی ادارے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تعاون سے شرکت کریں گے۔
عبدالعلیم خان نے بتایا کہ لیدر اور فشریز کے بڑے کنونشنز 29 اکتوبر کو کوئنگ ڈاؤ اور 5 نومبر کو گوانگزو میں منعقد ہوں گے، جہاں 17 فشریز کمپنیوں کے 30 نمائندے اور 10 لیدر اداروں کے 16 ایگزیکٹوز شرکت کریں گے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ "پاکستانی بزنس کمیونٹی عالمی روڈ شوز کے ذریعے امریکی اور یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔” انہوں نے کہا کہ چین میں کاروباری اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے بورڈ آف انویسٹمنٹ ایک مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
عبدالعلیم خان نے مزید بتایا کہ اہم شعبوں میں لیدر، ٹیکسٹائل، میڈیکل اینڈ سرجیکل ایکوئپمنٹ، پھل اور سبزیاں، پلاسٹک، فشریز، اور اینیمل فوڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان اور چین کا کاروباری اشتراک ملکی معیشت کے لیے ایک بڑا بریک تھرو ثابت ہو سکتا ہے۔”
اجلاس میں یہ بھی بات چیت ہوئی کہ چین سے 168 اور پاکستان کی 78 کمپنیاں باہمی اشتراک کے لیے کام کر رہی ہیں۔ وزیر نے چینی سفارت خانے کے افسران کی کاروبار کے فروغ میں اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین سے کاروباری اشتراک میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں معروف پاکستانی اداروں کے ایگزیکٹوز نے شرکت کی اور دونوں روڈ شوز میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اور چین میں پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ افسران نے آن لائن شرکت کی اور بریفنگ دی۔
عبدالعلیم خان نے پاکستان کی کاروباری تنظیموں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔