کراچی، 28 اکتوبر 2024: سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمان سعد جمعہ اور پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے نائب چیئرمین عدنان پراچہ کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز کو درپیش مسائل اور ان کی بہتری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عدنان پراچہ نے پاکستانی ورکرز کو درپیش مشکلات اور سعودی عرب میں روزگار کے مواقع کو بڑھانے کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کیں۔ عدنان پراچہ نے کہا کہ "سعودی عرب نوکری کے لیے جانے والوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ہماری سفارشات کو اہمیت دی گئی۔”
عدنان پراچہ نے مزید کہا کہ قونصل جنرل نے زور دیا کہ سعودی عرب جانے والے پاکستانی ورکرز کو بہتر تربیت دے کر بھیجا جائے تاکہ وہ مقامی معیشت میں زیادہ بہتر انداز میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے سب سے زیادہ ترسیلات زر آتی ہیں، جو پاکستان کی معیشت کے لیے اہم ہیں۔
اس موقع پر قونصل جنرل نے پاکستانی بزنس مین کو بھی درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کاروباری افراد کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ عدنان پراچہ نے بتایا کہ نئے سال کے لیے سعودی عرب میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی افراد کو روزگار دلانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
ملاقات کے اختتام پر عدنان پراچہ نے کہا کہ پاکستانی ورک فورس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔