کراچی، 13 نومبر 2024: اسپاٹیفائی نے سال 2024 کی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج جاری کردیئے ہیں، جن میں آڈیو اسٹریمنگ کی دنیا میں اس کی مستحکم ترقی اور صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافے کی عکاسی کی گئی ہے۔
ستمبر 2024 میں ختم ہونے والی سہ ماہی میں، اسپاٹیفائی کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد میں 11 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 640 ملین تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ، سبسکرائبرز کی تعداد میں بھی 12 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تعداد 252 ملین تک پہنچ گئی، جو عالمی سطح پر صارفین میں اسپاٹیفائی کی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے۔
مالیاتی کارکردگی کے لحاظ سے، اسپاٹیفائی کی مجموعی آمدنی 19 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ارب یورو ہوگئی۔ اس دوران مجموعی مارجن بھی 31.1 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور مسلسل دوسری سہ ماہی میں مجموعی منافع 1 ارب یورو سے تجاوز کر گیا۔ آپریٹنگ آمدنی بھی 454 ملین یورو تک پہنچ گئی، جو کہ کمپنی کی نئی سہ ماہی کے دوران بلند ترین سطح ہے۔
اسپاٹیفائی کے بانی اور سی ای او ڈینیئل اک نے کمپنی کی کارکردگی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا، "ہمیں اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی اور ترقی کے سفر پر فخر ہے۔ ہم اپنے اہداف کی جانب مستحکم انداز میں گامزن ہیں، اور ہماری مسلسل جدت پسندی اور ترقی کا عزم ہمیں انڈسٹری میں سب سے زیادہ قیمتی صارف کے تجربے فراہم کرنے کے لیے تیار کرتا ہے۔”
تفصیلی رپورٹ اور مکمل نتائج کے لیے اسپاٹیفائی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔