قومی کپتان ون ڈے کرکٹ میں سعید انور کا 20 سنچریوں کا ملکی ریکارڈ برابر کرنے سے صرف ایک سنچری دور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2023ء ) پاکستان کے سٹار بلے باز اور کپتان بابر اعظم جنہیں منگل کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا، ایک اور ملکی ون ڈے ریکارڈ برابر کرنے کے قریب ہیں ۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 107 میچوں کی 104 اننگز میں 19 سنچریاں سکور کی ہیں اور وہ پاکستان کے لیے 50 اوور کے فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرنے سے صرف ایک سنچری دور ہیں۔پاکستان کے سابق بلے باز سعید انور 1989ء سے 2003ء کے درمیان 80.67 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 247 میچوں کی 244 اننگز میں 20 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
دوسری جانب، پاکستانی کپتان کا اسٹرائیک ریٹ 89.16 ہے اور اگر وہ آج کولمبو میں سری لنکا کے خلاف ایک سکور کرتے ہیں تو وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین پاکستانی بلے باز ہوں گے۔
بابر اعظم کے بعد محمد یوسف اور محمد حفیظ بالترتیب 15 اور 11 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ موجودہ کرکٹرز میں صرف فخر زمان (10) اور امام الحق (9) پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والے ٹاپ 10 بیٹرز میں شامل ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا دونوں کے لیے سپر 4 میں یہ آخری میچ ہے، جس میں فاتح 17 ستمبر کو بھارت کے خلاف فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔تاہم پاکستان سری لنکا اور ایونٹ کے باقی میچوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔ بھارت پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اس لیے بارش کا ان کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ادھر بنگلہ دیش پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔ دوسری جانب سری لنکا اور پاکستان دونوں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا لیکن لنکن ٹائیگرز اپنے بہتر نیٹ رن ریٹ (NRR) کی وجہ سے فائنل کے لیے اپنا ٹکٹ بک کر لیں گے۔ بھارت کے خلاف پاکستان کی 228 رنز کی شکست کے بعد، ان کا NRR گر کر -1.892 ہو گیا۔ دریں اثنا، سری لنکا کا NRR -0.2 ہے۔