کراچی، 16 اکتوبر 2023: پاکستان کے پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع ورلڈ فیڈریشن آف نیورولوجی کے ٹرسٹی منتخب ہوگئے پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع پاکستان کے پہلے نیورولوجسٹ ہیں جو ورلڈ فیڈریشن آف نیورولوجی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے کسی عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع میں اس وقت آغا خان یونیورسٹی کراچی میں نیورولوجی کے پروفیسر ہیں،وہ نیورولوجی اویئرنس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے صدر بھی ہیں، اس سے پہلے وہ پاکستان سوسائٹی آف نیورولوجی اور پاکستان اسٹروک سوسائٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں،وہ آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن(OIC)کی اسٹینڈنگ کمیٹی فار سائنٹفک اینڈ ٹیکنالوجیکل کو آپریشن کے ممتاز اسکالر بھی ہیں،انہوں نے ورلڈ اسٹروک آرگنائزیشن (WSO) کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں اور اس وقت پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے فیلو اور انوائرنمنٹل نیورولوجی اسپیشلٹی گروپ (ENSG) کے سیکرٹری اور ورلڈ اسٹروک آرگنائزیشن کے لیے عالمی پالیسی کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور حال ہی میں میں دی ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز (TWAS) کے فیلو کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع کو امریکن اکیڈمی آف نیورولوجی کی طرف سے ایڈووکیسی لیڈر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے، انہوں نے کینیا، تنزانیہ، افغانستان اور وسطی ایشیا میں نیورولوجی کی تربیت اور تحقیق کا نیٹ ورک قائم کیا۔ان دنوں وہ ترقی پذیر اسلامی ممالک میں نیورولوجسٹ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے OIC نیورولوجی اکیڈمی کے قیام کی کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے ماحولیاتی نیورولوجی اسپیشلٹی گروپ (ENSRG) کے سیکرٹری کی حیثیت سے ماحولیات اور اعصابی امراض سے متعلق بہت سی تعلیمی اورآگاہی کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا ہے۔
ان کی نگرانی میں پچاس سے زیادہ نیورولوجسٹ تربیت حاصل کرچکے ہیں، مختلف بین الاقوامی طبی جرائد میں ان کے اب تک 238 سے زیادہ مقالے شائع ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر محمد واسع کو متعدد اعزازات سے سے نوازا جاچکا ہے جن میں امریکن اکیڈمی آف نیورولوجی کا ٹیچرز ریکگنیشن ایوارڈ، پاکستان اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز کا گولڈ میڈل، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کا گولڈ میڈل اور پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ریسرچ پروڈکٹیوٹی ایوارڈز شامل ہیں۔وہ 73 ممالک میں 130 سے زیادہ کانفرنسز میں مدعو اسپیکر کے طور پر شرکت کر چکے ہیں۔