کراچی: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابقہ صدور اور چیئر مین (بزنس مین گروپ) محمد زبیر موتی والا کی زیرِقیادت بزنس کمیونٹی کے وفد نے ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ)کا دورہ کیااور ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنر ل اظہر وقاص سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال اور تاجر برادری کو لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی روابط کو مربوط بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
ڈی جی رینجرز(سندھ) نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور پر امن حالات ہی معاشی ترقی کے ضامن ہیں۔ سندھ رینجرز کراچی میں تاجر برادری کی ہر ممکن حفاظت اور تعاون کو یقینی بنائے گی۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) نے انڈسٹریل ایریا اور دیگر تجارتی علاقوں میں بزنس کمیونٹی کو سیکورٹی سے متعلق درپیش مسائل کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کرہنگامی بنیاد پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر تاجر برادری کے وفد نے شہر قا ئد میں سندھ رینجرن ز کی قیام امن کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔