کراچی: سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) کے قائمقام چیئرمین قاسم یعقوب پراچہ نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن(پی این ایس سی)کے حکام سے ملاقات کی جس میں بحیرہ احمر میں حالیہ سیکیورٹی خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے حکومت سے زور دیا کہ وہ ان بحرانوں کے حل کے لیے فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر حل تلاش کرے جس کی وجہ سے مال برداری کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے نیز نمک کے شعبے اور دیگر اہم صنعتوں کی بقا کو خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے مزیدکہنا تھا کہ سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اگر پی این ایس سی پاکستان کے جھنڈے تلے جہازوں کی خدمات دوبارہ شروع کرتی ہے تو اس سے پاکستان نیشنل شپنگ کو خطے کے دیگر مسلم ممالک تک اپنی خدمات کا دائرہ کار بڑھانے کے شاندار مواقع میسر آئیں گے۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر خرم مرزا نے کہا کہ پی این ایس سی اور ایس ایم اے پی باہمی فوائدکے مواقع تلاش کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پیش کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے درمیان ہم آہنگی سے بہترین حل اور مشترکہ کامیابی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔چیئرمین ایس ایم اے پی قاسم یعقوب پراچہ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اہم فیصلے کرتے ہوئے نمک کے کاروبار سے وابستہ بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلے کیونکہ سالٹ انڈسٹری دیگر شعبوں کے مقابلے میں شدید متاثر ہے۔