کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملکی آئی ٹی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔اعداد وشمار کے مطابق دسمبر میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیز اور فری لانسرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، دسمبر میں آئی ٹی مصنوعات اور خدمات کا برآمدی حجم 30 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا۔
مرکزی بینک کے مطابق پاکستان سے آئی ٹی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 17 اور سالانہ بنیادوں پر 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال کے 6 ماہ میں آئی ٹی برآمدات کا حجم ڈیڑھ ارب ڈالر رہا جبکہ ششماہی بنیاد پر سروسز کی مجموعی برآمدات میں آئی ٹی کا حصہ 40 فیصد ہوگیا۔
دوسری جانب ماہرین نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں وسیع استعداد کا حامل ملک ہے اور پاکستان کو آئی ٹی کی برآمدات کے لیے اپنی مصنوعات اور خدمات کو زیادہ مسابقت کا حامل بناتے ہوئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔