کراچی؛ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے زیراہتمام ایکسپو سینٹر میں جاری ”مائی کراچی“ نمائش میں معروف تاجر، فلاٹیلسٹ عارف بالاگام والا (ستارہ امتیاز) کے انتہائی نایاب ٹکٹوں کی ریسرچ کلیکشن کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔نمائش کے شرکاء کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے قونصل جنرل نے ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر5 میں اسٹال کو دورہ کیا جہاں قطر، ترکی اور بنگلہ دیش کے قونصل جنرل نے تاریخی و نایاب ٹکٹوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے عارف بالاگام والا کی ریسرچ کلیکشن پر اُن کی حوصلہ افزائی کی۔
عارف بالاگام والا نے قطر، ترکی اور بنگلہ دیش کے قونصل جنرل کو بتایا کہ پاکستان میں پہلی بار ایسے نایاب ٹکٹوں کی نمائش کی گئی ہے جس میں افواجِ پاکستان کو1965 کی جنگ میں جو میڈلز دیے گے تھے، اس کی تاریخی حیثیت کے بارے میں بتایا گیا ہے جبکہ مختلف امراض بالخصوص پولیو، مختلف اقسام کے کینسرکے بارے میں بھی ٹکٹوں کے ذریعے آگاہی فراہم کی گئی ہے نیز ایسے پاکستانی کرنسی نوٹ جو بعض غلطیوں کے ساتھ چھپ گئے وہ بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ ان تمام ریسرچ کلیکشنز سے شرکاء کو قیمتی معلومات ملتی ہے۔