کراچی(29 اگست 2024)کراچی میں پانی میں کیمیکل ملاکر دودھ بنانے والا جعلی کارخانہ پکڑا گیا، کیمیکل سے بنا دودھ تلف کردیا گیا.وزیر خوراک و آبپاشی جام خان شورو کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے پانی میں کیمیکل ملاکر جعلی دودھ بنانے والی فیکٹری کے خلاف بھینس کالونی کراچی میں کارروائی کی گئی. اس سلسلے میں ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل ہالیپوٹو کا کہنا تھا کہ ملیر کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر 8 پر فوڈ اتھارٹی کے اے ڈی جی بلاول ابڑو نے ٹیم کے ہمراہ پانی میں کیمیکل ملاکر جعلی دودھ بنانے والی مافیا کے کارخانے پر چھاپہ مارا، جہاں 750 کلو پانی میں کیمیکل ملاکر بننے والا 750 کلو دودھ برآمد کرلیا گیا، جس سے 9000 لٹر دوھ بنایا جا رہا تھا.
سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مزمل ہالیپوٹو کا مزید کہنا تھا کہ 480 لیٹرز پانی میں کیمیکل ملاکر تیار کردہ دودھ بھی ضایع کیاگیا اور عملہ کو گرفتار کرلیا گیا، کیمیکل سے بنا دودھ بڑے مقدار میں بنانے والے نیٹ ورک کے کارندے کافی عرصے سے گھنائونا کاروبار کر رہے تھے، وڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح پانی میں کیمیکل ملاکر جعلی دودھ بنایا جاتا تھا اور کیمیکل ملاکر جعلی مضر صحت دودھ بھینس کالونی کا تازہ دودھ بتاکرکراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا، انسانی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کوکسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا، جبکہ خفیہ اطلاعات پر مزید مافیاز کےخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی.