میزان بینک لمیٹڈ (ایم ای بی ایل) نے 2024 کی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرتے ہوئے 25.8 ارب روپے کا منافع ظاہر کیا ہے، جو فی شیئر آمدن (ای پی ایس) 14.4 روپے بنتی ہے۔ یہ منافع سالانہ بنیادوں پر 1 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، تاہم سہ ماہی بنیادوں پر اس میں 3 فیصد کمی ہوئی ہے۔ 2024 کے پہلے 9 ماہ (9ایم 2024) میں بینک کے مجموعی منافع میں سالانہ بنیاد پر 34 فیصد اضافہ ہوا، جو 77.5 ارب روپے (ای پی ایس 43.3 روپے) تک پہنچ گیا۔
بینک نے اپنے مالی نتائج کے ساتھ 2024 کی تیسری سہ ماہی میں 7 روپے فی شیئر تیسرے عبوری نقد ڈیویڈنڈ کا اعلان بھی کیا، جس سے 9ایم 2024 کے لیے کل ڈیویڈنڈ 21 روپے فی شیئر ہو گیا۔
تیسری سہ ماہی کے نتائج مارکیٹ کی توقعات سے کچھ کم رہے، جس کی بڑی وجہ بینک کی جانب سے زیادہ پروویژن اور ٹیکس اخراجات تھے۔ میزان بینک نے 3کیو 2024 میں 2.6 ارب روپے کی پروویژن اخراجات ریکارڈ کیے، جبکہ 2Q2024 میں 935 ملین روپے کی ریورس پروویژن اور 3کیو 2023 میں 782 ملین روپے کی پروویژن اخراجات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ 3کیو 2024 میں زیادہ پروویژن اخراجات کی وجہ آئی ایف آر سی -9 کے نفاذ کو قرار دیا گیا ہے۔
میزان بینک کا مؤثر ٹیکس ریٹ 3کیو 2024 میں 55 فیصد اور 9ایم 2024 میں 53 فیصد رہا، جو بینک کے کم ایڈوانسز-ٹو-ڈپازٹس ریشو (اے ڈی آر) کے باعث اضافی ٹیکسز کی عکاسی کرتا ہے۔ بینک کا ایڈوانسز-ٹو-ڈپازٹس ریشو ستمبر 2024 میں 40 فیصد پر آگیا، جو جون 2024 میں 48 فیصد تھا۔