اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ہیلی کاپٹر کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے پاکستان رینجرز (سندھ) کے لئے میں 47.45 ملین روپے کے زرمبادلہ کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب یہ بتایا گیا کہ پاکستان رینجرز ایک سول آرمڈ فورس ہے جو وزارت داخلہ کے انتظامی کنٹرول کے تحت ہے اور اس وقت کراچی سے کشمور تک پاکستان کی مشرقی بین الاقوامی سرحد کی حفاظت میں ایم کردارادا کر رہی ہے۔
ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ)، کراچی نے وزارت داخلہ سے رواں مالی سال 2023-24 کے دوران مرمت اور دیکھ بھال کی نقل و حمل (گاڑیاں/ہیلی کاپٹر) کے تحت منظور شدہ بجٹ میں سے 47.45 ملین روپے کےزرمبادلہ کے فنڈز کی درخواست کی تھی تا کہ ہیلی کاپٹر کی دیکھ بھال کے لیے اسپیئر پارٹس کی خریداریکی جا سکے۔
فنانس ڈویژن نے مالی سال 24-2023 کے بجٹ میں سے پاکستان رینجرز (سندھ) کراچی کے ہیلی کاپٹر کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے "موجودہ درآمد” کے تحت 47.45 ملین روپے کے زرمبادلہ فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔ زرمبادلہ کی فراہمی کو تمام قانونی ضابطوں کی تکمیل سے مشروط کیا گیا ہے۔