کراچی:ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ(ایم ڈی کیٹ)برائے سال 24-2023 کاانعقاد کیاگیا۔ جس میں صوبے بھر سے 41 ہزارسے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔
ایم ڈی کیٹ کا انعقادکراچی میں مین یونیورسٹی روڈ پر واقع ایکسپو سینٹر کراچی، جامشورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، شہید بے نظیر آبادمیں بلاول اسپورٹس کمپلیکس نوابشاہ، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول، پی ٹی ایس بس ٹرمینل لاڑکانہ میں بیک وقت کیا گیا۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں میں لگ بھگ 15000، جامشورو سے 13000، نوابشاہ(شہید بے نظیر آباد)سے 4000 جبکہ لاڑکانہ سے 9000 طلبا نے حصہ لیا۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں لڑکے اور لڑکیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ انٹری پوائنٹ رکھے گئے تھے۔
اس ضمن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے رینجرز اور پولیس سمیت ایمبولینسز اور طبی امدادی رضاکاربھی موجود تھے۔یاد رہے کہ صوبے بھر میں پبلک پرائیوٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنزمیں ایم بی بی ایس کی 3600 اور بی ڈی ایس کی 1190 نشستوں کے لئے 41000 طلبہ و طالبات ٹیسٹ میں حصہ لیا۔
تاہم کراچی ایکسپو سینٹر میں ٹیسٹ کے اختتام پر بد نظمی نظر آئی اور ٹریفک کے انتظامات نہ ہونے کے باعث ٹریفک جام ہو گیا اور والدین اور طلبہ و طالبات کئی گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔