پشاور: میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ ٹیسٹ میں تیسری کوشش میں ناکام ہونے کے بعد اسلامیہ کالج پشاور کے طالب علم نے خود کشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق پاراچنار سے تعلق رکھنے والا طالب علم اسلامیہ کالج پشاور میں زولوجی کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ مبشر علی شعبہ زولوجی کے پہلے سمسٹر کا طالب علم تھا۔
ایم ڈی سی اے ٹی کا امتحان اتوار کو کے پی کے میں دوسری بار منعقد ہوا تھا جب اس سے قبل ہونے والے ٹیسٹ میں متعدد طلبہ دھوکہ دہی کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔
متوفی طالب علم نے مبینہ طور پر 27 نومبر کو اپنی تیسری کوشش میں میڈیکل کالج کے داخلہ ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعدنیند کی گولیاں زیادہ مقدار میں کھا لیں۔
کالج انتظامیہ کے مطابق، متوفی کے روم میٹ نے اسے کمرے میں تشویشناک حالت میں دیکھ کر وارڈن کو اطلاع دی۔ تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے جان بچانے کی کوشش کے باوجود وہ منگل کی صبح خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ متوفی کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے تیسری کوشش میں بھی ٹیسٹ پاس نہ کرنے پر اپنی جان لے لی۔
قبل ازیں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے ایم ڈی سی اے ٹی کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔ پہلی پوزیشن چھ طلباء نے حاصل کی، جنہوں نے 192 نمبر حاصل کیے۔ اسی طرح دوسری پوزیشن پانچ طلبہ کی رہی جن میں سے ہر ایک نے 191 نمبر حاصل کیے۔
نتائج کے مطابق، 75% امیدواروں نے MDCAT پاس کیا، جو کہ امتحان دینے والوں کی اکثریت کی قابل ستائش کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔ 46,218 رجسٹرڈ طلباء میں سے 34,852 نے امتحان دیا جبکہ 11,366 طلباء غیر حاضر رہے۔