صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے سعودی وفد کے دورہ پاکستان کو معیشت کیلئے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب کے بعد سعودی وفد کا دورہ سرمایہ کاری پراجیکٹ کا مثبت تسلسل ہے، دونوں ممالک کی طرف سے پانچ ارب ڈالر سرمایہ کاری کا مرحلہ جلد مکمل کرنے کا عہد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرے گا.
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ریکوڈک میں بڑی سرمایہ کاری کا آنا معیشت کیلئے مثبت اقدام ہے جس کیلئے سرمایہ کاری کونسل کا کردار نمایاں اور اہم ہے.دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرسز کے درمیان روابط کی راہ ہموار کرنے کیلئے ایک فریم ورک کی ضرورت ہے جو مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کو وسیع کرے گا.
صدر فیڈریشن عاطف اکرام نے کہا کہ پاکستان کے پاس سعودی عرب کے ساتھ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، چاول، چمڑے، ڈیری فارمنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے معاون کردار ادا کیا ہے۔