کراچی: 07 ستمبر 2024، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کر کے جعلی پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی معاونت میں ملوث امیگریشن اہلکار محمد عدنان کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔ مسافر محمد بشیر اور رضوان خان بین الاقوامی پرواز سے کینیڈا جا رہے تھے۔
ملزمان کی جانب سے پیش کئے جانے والے کینیڈین پاسپورٹ جعلی نکلے۔مذکورہ پاسپورٹس کی سکینڈ لائن آفس میں بھی جانچ پڑتال کی گئی۔سکینڈ لائن آفس کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ پاسپورٹس پر مختلف حفاظتی خصوصیات آویزاں نہیں تھیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے فی کس 1 کروڑ کے عوض مذکورہ پاسپورٹس حاصل کئے۔ ملزمان نے وزیر آباد کے رہائشی عثمان نامی ایجنٹ سے پاسپورٹس حاصل کئے۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق کی جانب سے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ جدید آلات سے لیس سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول آفسسز انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔