کراچی: 09 ستمبر 2024 ، ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے 16 ویں ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے چاول کی بر آمدات کو 4ارب ڈالر تک پہنچانے پر رائس ایکسپورٹرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے رائس ایکسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور اس سلسلے میں گورنر ہاؤس میں سیل کے قیام کا اعلان کیا۔
مزید برآں ریپ کی ایکسپورٹ ایوارڈ کمیٹی کے کنوینر عبد الرحیم جانو کی آنکھوں کے مفت علاج کی سہولیات فراہم کر نے پر اور انکی سماجی خدمات کے اعتراف میں عبد الرحیم جانو کیلئے ستارہ امتیاز ایوارڈ کیلئے وزیر اعظم پاکستان سے اپنی سفارشات کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ 23مارچ، 2025کو عبد الرحیم جانو کو ستارہ امتیاز پیش کیا جائے گا۔
اس تقریب سے ریپ کے چیئرمین چیلا رام کیولانی، اور ایکسپورٹ ایوارڈ کمیٹی کے کنوینر عبدالرحیم جانو نے بھی خطاب کیا اور گورنر سندھ سے رائس ایکسپورٹرز کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے در خواست کی خصوصاََ ایسو سی ایشن کے سیلڈ دفتر واپس دلانے کیلئے خصوصی در خواست کی۔ گورنر سندھ نے چاول کے ممتاز تاجروں میں ایوارڈ تقسیم کئے اور بہترین خدمات پر گولڈ میڈل سے بھی نوازا۔ اس کے علاوہ عبد الرحیم جانو، چیلارام کیولانی اور حسیب علی خان نے گورنر سندھ کو ریپ کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کیلئے ایوارڈ تقریب قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب میں ایسو سی ایشن کے عہدیداران، مینیجنگ کمیٹی کے ممبران مختلف ممالک کے قونصل جنرل کے علاوہ پاکستان کی تاجر برادری کے ممتاز افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے ریپکی سلور جوبلی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے پر تکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔