اسلام آباد۔15ستمبر:۔۔۔بیجنگ چین میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان سے150سے زائد کاروباری مندوبین نے شرکت کی جنہوں نے چین کے مختلف کاروباری اداروں سے بی ٹو بی سرگرمیوں پر پیشرفت کی اور خاص طور پر چین سے پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی کے حوالے سے دو طرفہ معاہدوں کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اس عالمی کانفرنس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے جون کے دورہ چین کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان یک جان اور دو قالب ہیں جن کی دوستی میں مستقبل میں مزید اضافہ ہوگا۔وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا کہ اُن کی وزارت بزنس کمیونٹی کے ساتھ مکمل طور پر آن بورڈ ہے اور انشاء اللہ دونوں ممالک باہمی تجارت کے حجم کو مزید بڑھائیں گے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے فضا سازگار اور ایسی کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کی کاروباری برادری کو بھی فائدہ ہو گا۔وفاقی وزراء نے بیجنگ چین میں اس کانفرنس کے انعقاد کو خو ش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں پاک چین تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے چین میں پاکستان کے سفارتخانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر شاباش دی اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان میں چین سے صنعتوں کی منتقلی جلد از جلد اور زیادہ تعداد میں ہوگی جس سے پاکستان کی معیشت میں واضح بہتری آئے گی۔