کراچی: 20 ستمبر 2024، رواں مالی سال کے پہلے2ماہ دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی)میں 56 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال 25-2024 کے پہلے دو مہینوں (جولائی اور اگست)کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 350 ملین ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 225 ملین ڈالررہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے ابتدائی دو مہینوں میں ایف ڈی آئی میں 125ملین ڈالر یعنی 55.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق اگست 2024کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 214 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ اگست 2023 میں 142 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔اس طرح اگست 2023 کے مقابلے میں اگست 2024 کے دوران ایف ڈی آئی کے حجم میں 50.70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔