کراچی: 30 ستمبر 2024، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر محمد کامران عربی، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، سینئر نائب صدر حنیف توکل، نائب صدر فرحان اشرفی اور ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کم از کم 15 دن کی توسیع کی جائے۔
ایک بیان میں سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا آئی آر آئی ایس سسٹم گزشتہ تین دنوں سے ڈاؤن ہے جس کی وجہ سے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان اپنا انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس ریٹرن بروقت یعنی 30 ستمبر 2024 تک فائل نہیں کر پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ایف بی آر کا آئی آر آئی ایس سسٹم دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں ٹیکس دہندگان کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے نتیجتاً انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کو یہ خوف رہتا ہے کہ وہ ایف بی آر کا سسٹم بیٹھنے کے باعث بروقت اپنے ریٹرن فائل نہ کرنے کی وجہ سے کہیں نان فائلر ڈکلیئر نہ کردیے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر کی جانب سے اس بار ٹیکس دہندگان کو درپیش مسئلے کو حل کرنے اور تاریخ میں توسیع کرنے میں ہچکچاہٹ سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ حقیقی ٹیکس دہندگان کو ان کی غلطی نہ ہونے پر بھی سزا دینا سراسر ناانصافی ہے۔سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں کم از کم 15 دن کی توسیع کی جائے۔