ماسکو۔۔روس۔۔یکم اکتوبر:۔۔۔روس کے دار الحکومت ماسکو میں تین روزہ پاکستان روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری مکمل طور پر محفوظ ہے، تمام شعبوں میں بزنس کو فروغ دے رہے ہیں اور بالخصوص روس اور پاکستان کے مابین مختلف سیکٹر زمیں جوائنٹ وینچرز کرنے اور باہمی کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کا واضح سکوپ موجود ہے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان اور روس کے مابین ایک ہزار ملین ڈالر سے زائد کی تجارت ہوئی، دونوں ممالک باہم امپورٹ ایکسپورٹ میں منسلک ہیں جبکہ ٹرانسپورٹیشن ایگریمنٹ کے تحت پاکستان اور روس زمینی رابطے سے مزید تجارت کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماسکو میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین دیرینہ سفارتی، تجارتی اور ایسے باہمی تعلقات موجود ہیں جن میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے کیونکہ آبادی اور ماکیٹ سائز کے مطابق کاروبار کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس روس سے تجارت بالخصوص برآمدات کے لئے آئندہ 5برسوں کا روڈ میپ تیار ہے اور اس فورم کا مقصد بھی بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں میں ا ضافہ کرنا ہے۔ عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں روس کے صدر ویلادی میر پوٹین اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے مابین حالیہ ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں ویزہ رجیم بہتر بنا کر اور خطے میں علاقائی تعاون سے ٹریڈ اینڈ ٹرانزٹ کا مرکز بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے پاکستان اور روس کوپروسیجرز میں کمی لا کر دونوں ممالک کو ٹیرف اور نان ٹیرف کی رکاوٹیں کم سے کم کرنا ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان روس کو لیدر، ٹیکسٹائل، فیبرکس، فروٹس،رائس، سبزیاں، سرجیکل اور میڈیکل آلات، کٹلری، ریڈی میڈ گارمنٹس اور دیگر مصنوعات برآمدکرتا ہے جبکہ پاکستان میں روس سے کروڈ آئل، معدنی کوئلہ، فروزن سبزیاں، سنتھیٹک ربڑ اور مختلف کیمیکلز درآمد کیے جاتے ہیں۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس فورم کے پلیٹ فارم سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو نزدیک لا سکتے ہیں تاکہ ملکی سطح پر تجارتی حجم بڑھ سکے۔
انہوں نے ماسکو کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں پاکستان سے 70اور روس کی 100سے زائد کمپنیوں کی شرکت کو خوش آئند قرا ر دیا اور اس ضمن میں روس کے ڈپٹی وزیر ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل الیکسی گرزدوف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی اور ٹریڈ منسٹر شوکت حیات نے اس بزنس فورم کے انعقاد میں خصوصی کردار ادا کیا ہے۔