کراچی، 10 اکتوبر 2024: بینک الفلاح نے چھاتی کے سرطان میں مبتلا خواتین کو زندگی بچانے والے علاج ومعالجہ کی سہولت کی فراہمی کیلئے کینسر فاؤنڈیشن ہسپتال کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اشتراک کے حصہ کے طوربینک الفلاح اور روشے پاکستان نے چھاتی کے سرطان میں مبتلا پانچ خواتین کو ادویات اور مفت علاج کیلئے 10.75 ملین روپے عطیہ کئے ہیں۔ چھاتی کا سرطان صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا، پاکستان میں 10 ملین خواتین چھاتی کے سرطان کا شکار ہونے کے خطرات سے دوچار ہیں۔
ہر سال چھاتی کے سرطان کے تقریباً90000 نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ 40ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔اس قدر خوفناک صورتحال کے باوجود صرف 25 سے 35 فیصد خواتین چھاتی کے سرطان کی خود یا میموگرافی کے ذریعے ابتدائی تشخیص کی اہمیت سے آگاہ ہیں جو سرطان کے حوالے سے آگاہی اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور بینک الفلاح اس مہم کے ذریعے خواتین میں آگاہی کو فروغ دے گا۔
ریٹیل بینکنگ کی گروپ ہیڈ مہرین احمد نے کہا”چھاتی کا سرطان صحت سے متعلق ایک بڑا چیلنج ہے اور کینسر فاؤنڈیشن ہسپتال کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم سرطان سے مقابلے کرنے والے خواتین کو مدد فراہم کریں گے۔ یہ ہمارا عزم ہے کہ مالی حالات کبھی بھی جان بچانے والے علاج میں رکاوٹ نہ بنیں۔روشے پاکستان کی جنرل منیجر حافظہ شمسی نے کہا ”مریضوں کی معاونت کے پروگرام اور بینک الفلاح اور کینسر فانڈیشن ہسپتال جیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم نے پاکستان بھر میں ہزاروں خواتین کو چھاتی کے کینسر کا مفت علاج فراہم کیا ہے۔
اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے بینک الفلاح نے شوکت خانم، چغتائی لیب اور ثمینہ علوی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خواتین کو ابتدائی تشخیص اور روک تھام کیلئے بڑے شہروں میں پنکتوبر آگاہی سیشنز منعقد کا پروگرام شروع کیا ہے۔