کراچی،10اکتوبر 2024: سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل) نے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے تعاون سے اپنے ہیڈ آفس کراچی میں واقع چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے بارے میں ایک سیشن منعقد کیا۔ اس تقریب کا مقصد خواتین کارکنوں اور ملازمین کو چھاتی کی صحت اور ابتدائی تشخیص کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دینا اوراپنی صحت کے بارے میں بااختیار بنانا تھا۔
انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک میں بریسٹ اور جنرل سرجن ، ڈاکٹر نازیہ لودھی کی سربراہی میں منعقد ہونے والے اس سیشن میں چھاتی کے سرطان کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کی گئیں۔ شرکاء کو خود اپنی جانچ کرنے،ابتدائی تشخیص، علامات ، خطرے کے عوامل اور ان کی روک تھام کی حکمت عملی کی اہمیت پر رہنمائی کی گئی۔ ڈاکٹر لودھی نے اسکریننگ اور تشخیص کے جدید ترین تیکنکوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ، اور متاثرہ افراد کے لیے دستیاب طبی وسائل اور مدد کی خدمات کے بارے میں بتایا۔
پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی) کی خواتین ملازمین نے بھی اس سیشن میں شرکت کی اور چھاتی کی صحت کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل کیں۔ انٹرایکٹو سیشن نے شرکاء کو سوالات پوچھنے اور خدشات کا اشتراک کرنے کی ترغیب دی ، جس سے ایک باہمی ماحول کو فروغ ملا۔ ملازمین کو تعلیم کے ساتھ بااختیار بنا نا ، سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ کا مقصدادارے میں کام کرنے والی خواتین کا خیال رکھنا ، ابتدائی تشخیص اور بروقت اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرجناب عمران قریشی نے سیشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ”ہمیں اپنے اس اقدام پر فخر ہے، جو ہمارے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہمارے عزم کے مطابق ہے۔ چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی بہت ضروری ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ اپنے ملازمین کو تعلیم دینے سے اُن کی زندگیوں اور ان کے اطراف کے لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثر پڑے گا۔ سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ میں ہم اپنے ملازمین کی صحت اور تحفظ کو ترجیح دیتے ہیں اور یہ اقدام ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔“
تقریب میں200 سے زائد خواتین نے شرکت کی جنہوں نے معلوماتی سیشن اور سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل) کی صحت مند کام کے ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔