کراچی, 24 اکتوبر 2024: صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ صنعت کار ہمارا اثاثہ ہیں اور عوام کے مسائل حل کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں سیکریٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ، ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری، یوسی چیئرمین لالہ رحیم، اور سائٹ سپر ہائی وے کراچی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اپنے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔ محکمہ سائٹ اور ٹاؤن کو اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل زون میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے مسائل حل کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اور انڈسٹریل زونز کے ترقیاتی منصوبوں میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے یہ بھی کہا کہ ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔