اسلام آباد، 28 اکتوبر 2024: مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کے لیے ایک اور بری خبر آگئی۔ ملک بھر میں گھی اور تیل کی قیمتوں میں 40 سے 50 روپے فی کلو کا بڑا اضافہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بتائی جا رہی ہیں۔
پاکستان وناسپتی مینیوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عمر ریحان شیخ کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتیں گزشتہ دو ماہ میں 900 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 1200 ڈالر فی ٹن تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پام آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے سبب ملک بھر میں گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
عمر ریحان شیخ نے بتایا کہ پاکستان ہر سال 32 لاکھ ٹن پام آئل درآمد کرتا ہے جبکہ ملکی ضرورت 45 لاکھ ٹن تک ہے۔ قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے انہوں نے حکومت سے گھی اور تیل پر عائد 100 روپے فی کلو ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے اور قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کچھ حد تک کم ہو سکتا ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر خزانہ سے بھی ملاقات میں ٹیکس میں کمی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اس بڑھتے ہوئے بحران سے نکالا جا سکے۔