کراچی، 19 نومبر 2024: حکومت پاکستان کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت، انفورسمنٹ کلکٹریٹ اے ایس او کراچی نے ایک اور بڑی کارروائی کی ہے جس میں اسمگلڈ اسپورٹس ہیوی بائیکس اور نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں برآمد کی گئیں۔ یہ کارروائی حساس ادارے کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
اس کامیاب آپریشن کی قیادت ایڈیشنل کلکٹر انفورسمنٹ جناب باسط حسین اور ڈپٹی کلکٹر اینٹی اسمگلنگ محمد رضا نقوی نے کی۔ چھاپہ مار ٹیم نے صدر کراچی اور DHA فیز ون میں واقع دو گوداموں پر چھاپہ مارا جہاں سے 37 اسمگلڈ ہیوی موٹر سائیکلز برآمد ہوئیں جن کی مالیت 29.176 ملین روپے تھی۔
دوسری کارروائی میں، ملیرکینٹ سے 21 اسمگلڈ نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں برآمد کی گئیں جن کی مالیت 26.22 ملین روپے تھی۔ اس طرح دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 44.051 ملین روپے مالیت کی اسمگلڈ موٹر سائیکلز اور گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
تمام ضبط شدہ موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کو ASO کے گودام منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کسٹم ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ کارروائی حکومت کی اسمگلنگ کے خلاف بھرپور جدوجہد کا حصہ ہے اور اس سے واضح پیغام ملتا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کے اندر اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔