پاکستان میں منگل کی شب 6.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں کم سے کم نو افراد ہلاک جبکہ 46 زخمی ہوئے۔
اس زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قسم کی ویڈیوز بھی نظر آئیں جن میں اس وقت کے مناظر دکھائی دیے جب زلزلے کے جھٹکوں نے عمارات کو جھنجوڑ کر رکھ دیا اور لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
دوسری جانب متعدد افراد نے ایسی ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں ان کے گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ ان میں اسلام آباد کی ایک رہائشی عمارت بھی شامل تھی تاہم اس زلزلے کے بعد، جس کا مرکز افغانستان میں ہندوکش سلسلہ میں بتایا گیا، بہت سے افراد یہ سوال کرتے دکھائی دیے کہ زلزلے کب اور کیوں زیادہ نقصان کرتے ہیں؟
یہ سوال اس تناظر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جون 2022 میں افغانستان کے مشرقی حصے میں چھ اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں کم از کم ایک ہزار افراد ہلاک اور 1500 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔