دبئی میں سمندر پر بننے والی اپنی نوعیت ی منفرد مسجد کا افتتاح اگلے سال کیا جائے گا، یہ مسجد دبئی واٹر کینال میں محکمہ اسلامی امور اور فلاح تعمیر کر رہا ہے۔
حکام نے آج مسجد کی کئی تصاویر شیئر کیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مسجد کس قدر خوبصورت ہوگی، مسجد میں تین منزلیں ہوں گی جہاں 50 سے 75 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہوگی جبکہ اس مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے زیر سمندر ہال ہوگا۔
دبئی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام عقائد کے افراد کو مسجد آنے کی اجازت ہوگی تاہم مناسب لباس اور اسلامی روایات کے مطابق برتاؤ رکھنا ہوگا جبکہ مسجد میں داخلے کیلئے خواتین کو اپنے سر اور کندھے ڈھانپنا ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سمندر پر تعمیر شدہ مسجد متحدہ عرب امارات میں سیاحوں کیلئے بہت کشش کا باعث ہوگی، سیاحوں کو نماز پڑھنے یا صرف مسجد دیکھنے کیلئے بھی جانے کی اجازت ہوگی۔
دبئی میں سمندر کے اوپر تعمیر ہونے والی دو منزلوں میں اسلامی لیکچر اور ورکشاپس کیلئے ہال ہوگا۔ یہ مسجد زمین سے بھی جڑی ہوگی، تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے، اسے سیاحوں کیلئے اگلے برس کھول دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اسلامی و فلاحی امور کے ادارے نے تھری ڈی پرنٹیڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے دنیا کی پہلی مسجد تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا، یہ مسجد 2025 میں مکمل ہوگی۔ 600 نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔اس کی تعمیر کا کام صرف تین افراد کررہے ہیں۔