جیتنے والی ٹیم کو پچاس لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ رنر اپ ٹیم بیس لاکھ روپے کی حقدار ہوگی۔ ملک بھر سے بارہ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ جس میں ن لیگ کے صدر خرم مجید نے تقریب کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ٹیپ بال کے بہترین کھلاڑیوں کو گلیوں سے اسٹیڈیم تک لایا جائے اور اس مقصد کے لیے پاکستان ٹیپ بال پریمیئر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ یہ ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جس سے نوجوان بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
خرم مجید نے کہا کہ پی ٹی پی ایل میں پرکشش انعامی رقم لی گئی ہے۔ جیتنے والی ٹیم کو پچاس لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ رنر اپ ٹیم بیس لاکھ روپے کی حقدار ہوگی۔ ایونٹ کی سیمی فائنلسٹ ٹیم کو بھی پانچ لاکھ روپے ملیں گے۔ معین خان سٹیڈیم میں برقی قمقموں کی روشنی میں چھ روزہ مقابلے میں ملک بھر سے بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کی ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ٹیپ بال کے کھلاڑی تیمور مرزا، اسد شاہ، ظہیر کالیا، خرم چکوال، مزمل کامونکی اور فہد میاں چنو سمیت کئی سپر اسٹارز نے لیگ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
مہمان خصوصی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان میں کھیل کو سیاست اور کھیل کو سیاست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ لیکن وہ خوش ہیں کہ ایک ایسا ایونٹ ہونے جا رہا ہے جس سے ملک کے نوجوان سڑکوں سے نکل کر سٹیڈیم پہنچ جائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ کھیلوں میں ڈومیسائل نہیں ہوتا، یہاں صرف بہترین کھلاڑی جیتتا ہے۔ فاروق ستار نے منتظمین کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور لیگ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈیفنس کلفٹن رئیل ایسٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن کے صدر جوہر اقبال نے کہا کہ پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ ایک یادگار ٹورنامنٹ ہو گا جس میں ملک بھر کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
چیئرمین سندھ رئیلٹر نور ابریجو نے کہا کہ پی ٹی پی ایل خرم مجید کی کاوشوں کا مظہر ہے۔ انہیں امید ہے کہ ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی اس پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ تقریب میں برانڈز پاکستان کے چیئرمین راشد عالم سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔