کراچی ۔ 4 ستمبر۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہر ضلع میں انڈسٹریل زونز قائم کئے جائیں ۔ انڈسٹریل زونز میں پلاٹ لینے والا اگر چھ ماہ کے اندر اس پر انڈسٹری نہیں لگائے گا تو اس کا پلاٹ منسوخ کر دیا جائے گا ۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
قبل ازیں سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن اور سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کے دفتر میں ہوئی۔
یاداشت پر سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کی ایم ڈی ثروت فہیم اور سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خضر پرویز نے دستخط کئے۔
دستخط کی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو ،
سیکریٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ ، ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری ، سیکریٹری سرمایہ ڈپارٹمنٹ راجہ خرم شہزاد عمر، سیکریٹری انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نور احمد سموں اور سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو, ثاقب جدون اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ مفاہمتی یاداشت کا مقصد صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ دونوں محکموں کے مابین روابط سے چھوٹی صنعتوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔
جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ
نئے انڈسٹریل زونز میں دئیے جانے والے پلاٹ پر صنعتیں قائم کی جائیں۔لاڑکانہ انڈسٹریل زون میں ایگرو بیسڈ انڈسٹری قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کو میرٹ کی بنیاد پر قرضے دئیے جائیں گے۔ اس میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔خواتین صنعت کاروں اور کاروبار کرنے کی خواہش مند خواتین کو قرضے کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی ۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو ترغیب دی کہ وہ اندرون سندھ میں زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائیں اور جو بھی چھ ماہ کے اندر اپنے پلاٹ پر انڈسٹری نہیں لگائے گا اس کا پلاٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول ہاؤس زرداری کی خواہش ہے کہ ہر ضلع میں انڈسٹریل زونز بنائے جائیں۔