اسلام آباد، 21 نومبر 2024: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف پنشن سپروائزرز (آئی او پی ایس) میں گورننگ ممبر کے طور پر دوبارہ شمولیت اختیار کر لی ہے، جو کہ پاکستان کے پنشن سیکٹر کو عالمی معیار کے مطابق مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس تجدید رکنیت سے ایس ای سی پی کی عالمی سطح پر پنشن کے شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے اپنے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
ایس ای سی پی نے 2004 میں آئی او پی ایس کے قیام کے وقت اس کا بانی رکن بن کر دنیا بھر میں نجی پنشن نظاموں کی مؤثر نگرانی کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فیصلے سے پاکستان میں ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن (ڈی سی) پنشن اسکیموں کے نفاذ کے دوران عالمی معیار کے مطابق گورننس، مہارت اور بہترین طریقوں کو اپنانا ممکن ہو گا۔
آئی او پی ایس میں دوبارہ شمولیت کے بعد، ایس ای سی پی 79 مختلف ملکوں کی نمائندگی کرنے والے ممبران کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر پنشن اصلاحات اور گورننس کے لیے ضروری رہنمائی حاصل کرے گا، جو پاکستان کے پنشن نظام کو عالمی سطح پر زیادہ محفوظ اور مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ قدم پاکستان کی معیشت اور ریٹائرڈ افراد کے لیے مالی تحفظ فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس کے ذریعے ایس ای سی پی نے پنشن کے شعبے میں عالمی سطح پر اعتماد اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔